اوکاڑہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 سالہ بچہ جاں بحق، والدین اور بہن زخمی

اوکاڑہ(جانوڈاٹ پی کے) نہر والا پل مین جی ٹی روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 4 سالہ کم سن بچہ جاں بحق جبکہ اس کے والدین اور بہن زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بس نے یوٹرن لیتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار 4 سالہ حسن رضا موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں محسن علی، ان کی اہلیہ آصفہ پروین اور 5 سالہ بیٹی ابیہا شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق بچے کی لاش ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی۔

جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت حسن رضا ولد محسن (4 سال) سکنہ 24 فور ایل کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں محسن علی ولد محمد حنیف (31 سال)، ابیہا دختر محسن علی (5 سال) اور آصفہ پروین زوجہ محسن علی (34 سال) شامل ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی جبکہ پولیس نے حادثے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button