فلم کی شوٹنگ میں زخمی رشمیکا مندانا نے صحت سے متعلق بڑا اپڈیٹ دیدیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)اپنی آنے والی فلم ’مائیسا‘ کے ایک ڈانس سیکوئل کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے والی اداکارہ رشمیکا مندانا نے سوشل میڈیا سے کچھ عرصے کی غیر حاضری کے بعد انسٹاگرام پر واپسی کرتے ہوئے اپنی صحت کی صورتحال کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کردیا۔
اپنی پوسٹ میں رشمیکا مندانا نے بحالی کے دنوں کی چند تصاویر ارو پزل گیمز کھیلتے ہوئے شیئر کی اور لکھا کہ چوٹیں واقعی بہت بری ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’یہ پچھلے کچھ عرصے میں میری مسلسل تیسری چوٹ ہے۔ مجھے اپنے جسم کے ساتھ انسانوں جیسا سلوک کرنا سیکھنا چاہیے، اسے کوئی مشین نہیں سمجھنا چاہیے۔‘
انہوں نے اپنی چوٹ کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا، ’آسان زبان میں یوں سمجھیں کہ ہمارے کولہے اور ٹانگ کو جوڑنے والے پٹھوں میں سے میری دائیں طرف کا ایک پٹھا الگ ہوگیا تھا، جسے دوبارہ جڑنے میں وقت لگے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ چوٹ مجھے ’مائیسا‘ کی ڈانس شوٹنگ کے دوران لگی، یہ میری زندگی کی سب سے شدید اور ایکشن سے بھرپور فلم ہے۔
رشمیکا نے مذاحیہ انداز میں بتایا کہ وہ اس چوٹ کو ’مجبوراً دی گئی چھٹیاں‘ مانتی ہیں، کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ کبھی کام سے بریک نہیں لیتیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا، ’ورزش نہ کر پانے کی وجہ سے انہیں وزن بڑھنے کا ڈر ہے۔ جب میں ورک آؤٹ نہیں کرتی تو کھانے کا شوق چڑھا رہتا ہے اور میں میٹھے کی طرف زیادہ بھاگتی ہوں۔‘



