نئے صوبوں پر مسلم لیگ (ن) جلد مؤقف دے گی، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر جلد اپنا مؤقف سامنے لائے گی، جبکہ پارٹی کے آئندہ اجلاس میں بھی اس موضوع پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے حوالے سے جلد فیصلہ کرے گی اور اس بارے میں باضابطہ اعلان بھی کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ سوشل میڈیا بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو ایک سنجیدہ سیاسی رہنما کے طور پر سامنے آنا چاہیے۔ ان کے بقول، اگر ان کی جماعت یا مشیر انہیں صرف ٹک ٹاک کی سیاست تک محدود کر رہے ہیں تو یہ پیپلز پارٹی کے لیے مناسب طرزِ عمل نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت مستحکم ہے اور اسے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی جماعت تحریکِ عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو وہ آئینی طریقہ اختیار کر سکتی ہے، تاہم ان کے مطابق ایسی کسی کوشش سے حکومت کو کوئی تشویش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریاستی اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور یہی طرزِ عمل نظام کو مضبوط بنائے گا۔ ان کے مطابق حکومت اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کر رہی ہے اور دیگر اداروں کے ساتھ بھی اسی اصول پر تعاون جاری ہے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔



