راج پال یادیو کی مشکلات میں اضافہ،سپریم کورٹ برہم،جج کے سخت ریمارکس نے ہلچل مچا دی

راج پال یادیو کی مشکلات بڑھ گئیں، بھارتی سپریم کورٹ برہم، جج کا سخت ریمارکس: ’’آپ کی جگہ جیل میں ہے‘‘

 مبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے معروف کامیڈی اداکار راج پال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں عدالتی حکم کے باوجود رقم جمع نہ کرانے پر بھارتی سپریم کورٹ کی سخت برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ عدالت نے اداکار کو 2 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کے لیے منگل تک کی مہلت دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اس سے قبل راج پال یادیو کو رقم جمع کرانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے پر سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیے گئے۔

سماعت کے دوران اداکار کے وکیل نے شکایت کنندہ کے بارے میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ غریب نہیں ہیں۔ اس پر جسٹس جوئے مالیا باگچی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وکیل کو معلوم ہونا چاہیے کہ کب بولنا ہے، جبکہ ریمارکس میں یہ بھی کہا گیا کہ ’’آپ کی جگہ جیل میں ہے۔‘‘

عدالت نے راج پال یادیو کو منگل تک رقم جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد کیس میں آئندہ پیش رفت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ 2010 میں ایک فلم کی تیاری کے لیے حاصل کی گئی 5 کروڑ بھارتی روپے کی مالی معاونت سے متعلق ہے۔ رپورٹس کے مطابق بعدازاں ادائیگی کے لیے جاری کیے گئے چیکس باؤنس ہونے پر قانونی کارروائی شروع ہوئی تھی۔

چیک باؤنس کیس میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اداکار کو قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button