ریڈیو پاکستان حملہ کیس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت 4 افراد کو مقدمے میں نامزد کردیاگیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) 9 مئی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پشاور پولیس نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت 4 افراد کی موقع پر موجودگی کی فرانزک تصدیق عدالت میں پیش کردی۔
پشاور کی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کے دوران تھانہ شرقی پولیس نے پیش رفت رپورٹ جمع کرائی، جس میں بتایا گیا کہ عدالتی احکامات پر حملے سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر کی نادرا اور پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی سے تصدیق کرائی گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق فرانزک اور نادرا ریکارڈ کی روشنی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم اور کامران بنگش کی ریڈیو پاکستان حملے کے موقع پر موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو نادرا اور لاہور کی فرانزک لیب سے ویڈیوز اور تصاویر کے تجزیے کی رپورٹس موصول ہوچکی ہیں، جن میں متعلقہ افراد کی شناخت کی تصدیق کی گئی۔
پولیس کے مطابق فرانزک رپورٹ کی بنیاد پر مذکورہ افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر بھی پہلے ہی ملزمان کی نشاندہی کرچکے ہیں اور ان کا بیان مقدمے کے ریکارڈ کا حصہ ہے۔
پیش رفت رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرائے گی۔



