بلوچستان حکومت اور کوئٹہ دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، تحریری معاہدہ طے پا گیا

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہوگئیں، صوبائی حکومت اور کوئٹہ دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تحریری معاہدہ طے پا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب جبکہ تحریری معاہدہ طے پاگیا جس پر دونوں فریقین نے دستخط کردیے ہیں۔

حکومت نے شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات جبکہ زیارت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

معاہدے کے تحت وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں امن و امان کی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں اور شہدا کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا جبکہ بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق زیارت واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کو پالیسی کے تحت شہید قرار دیا جائے گا جبکہ لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور معاوضہ سرکاری پالیسی کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت طے پایا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے منسوب کی جائیں گی جبکہ ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سرکاری افسران اور علاقے کے معتبر افراد شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ شہدا ہمیں بے حد عزیز ہیں، ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button