43 ممالک میں ایک دن میں 31 ہزار سے زائد اسکائی ڈائیوز، نیا عالمی ریکارڈ قائم

لندن(جانوڈاٹ پی کے)43 ممالک میں ایک ہی دن مجموعی طور پر 31 ہزار سے زائد مربوط اسکائی ڈائیوز کی گئیں، جس کے ساتھ ایک دن میں سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ اسکائی ڈائیوز کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا گیا۔
ہفتے کے روز منعقد ہونے والے ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے اس عالمی ایونٹ کو امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر منظم کیا۔
اس ایونٹ میں ایک ہی دن میں 31,075 اسکائی ڈائیوز کے ساتھ 2024 میں قائم ہونے والا 30,351 اسکائی ڈائیوز کا ریکارڈ توڑ دیا گیا۔
منتظمین نے بتایا کہ اس ایونٹ میں ہر مہارت کے حامل اسکائی ڈائیورز نے حصہ لیا، جن میں پہلی بار ٹینڈم جمپ کرنے والے افراد بھی شامل تھے۔
یو ایس پی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برچٹولڈ نے کہا کہ ریکارڈ اس لیے بنتے ہیں کہ انہیں توڑا جائے اور ہمیں خوشی ہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد ڈراپ زونز تک پہنچے اور ہمارے اس کھیل کا جشن منایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ اس کھیل کی مسلسل ترقی کی علامت اور نئے آنیوالے افراد کو خوش آمدید کہا ہے۔ جبکہ ان تجربہ کار اسکائی ڈائیورز کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے جنہوں نے اسکائی ڈائیونگ کے لیے غیرمعمولی وابستگی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔



