’تارک مہتا کا الٹہ چشمہ‘کےمرکزی کرداردلیپ جوشی نے شو چھوڑنے کی افواہیں مسترد کردیں

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)مشہور بھارتی سٹکام ’تارک مہتا کا الٹہ چشمہ‘ میں مرکزی کردار جیٹھا لال نبھانے والے دلیپ جوشی کے شو سے الگ ہونے کی افواہوں کے بعد اب اداکار نے خاموشی توڑ دی۔

پچھلے 18 سالوں سے ’جیٹھا لال گڑا‘ کے لازوال کردار سے سب کو ہنسانے والے سینیئر اداکار دلیپ جوشی نے ان تمام رپورٹس کو یکسر مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ یہ شو چھوڑ رہے ہیں۔

دلیپ جوشی نے سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے پھیلائی جانے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا، ’آج کل لوگ صرف ویوز کے لیے ہر طرح کی من گھڑت کہانیاں شائع کر دیتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں تمام نیوز ایجنسیز اور میڈیا ہاؤسز سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کوئی بھی خبر چھاپنے یا چلانے سے پہلے پروڈکشن ہاؤس یا متعلقہ اداکار سے ایک بار فون کر کے اس کے سچ یا جھوٹ ہونے کی تصدیق ضرور کر لیا کریں۔‘

انہوں نے کہا، ’ایک چھوٹی سی کال غلط معلومات کو پھیلنے سے روک سکتی ہے۔

اداکار نے ڈرامے کی شاندار کامیابی پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی کامیڈی شو کا 18 سال تک کامیابی سے چلنا اپنے آپ میں ایک کارنامہ ہے۔ آج یہ شو 4 ہزار 750 سے زائد اقساط مکمل کر چکا ہے اور پوری ٹیم آج بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے شو کے پروڈیوسر اسِت کمار مودی اور رائٹرز کی ٹیم کی محنت کو بھی سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button