ہما قریشی سے شادی کی افواہیں،رچت سنگھ نے خاموشی توڑ دی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی اور اداکار رچت سنگھ کی ممکنہ شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بعد رچت سنگھ نے پہلی بار اس معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رچت سنگھ ان دنوں اپنی نئی فلم ’’بے بی ڈو ڈی ڈو‘‘ میں اداکاری کی وجہ سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔ فلم کی کامیابی کے ساتھ ساتھ ان کا نام ہما قریشی کے ساتھ تعلقات اور ممکنہ شادی کی خبروں کے باعث بھی خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جب رچت سنگھ سے ان خبروں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی شادی سے متعلق زیر گردش اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں محض افواہیں ہیں۔
فلم کی ریلیز کے بعد ہما قریشی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رچت سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی تھی۔ فلم میں ہما قریشی نے ’’بے بی کرماکر‘‘ نامی کانٹریکٹ کلر کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ رچت سنگھ ’’سدھو‘‘ کے روپ میں نظر آئے، جس کے بعد دونوں کی کیمسٹری کو بھی خوب سراہا گیا۔
دونوں فنکاروں کے درمیان تعلقات کی افواہوں نے اس وقت زور پکڑا تھا جب گلوکارہ اکاسا سنگھ نے ہما قریشی اور رچت سنگھ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ہما کو ’اپنی جنت کے اس خوبصورت حصے‘ پر مبارک باد دی تھی۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کے رشتے سے متعلق چہ مگوئیوں کا آغاز ہوا۔
بعدازاں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب میں ہما قریشی اور رچت سنگھ کی ایک ساتھ آمد، اور دونوں کا گلابی رنگ کے ہم آہنگ لباس پہننا بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا۔ اس کے بعد مختلف تقریبات، جن میں رچت سنگھ کی سالگرہ بھی شامل تھی، دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی۔
حالیہ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ دونوں رواں برس اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں، تاہم رچت سنگھ نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ فی الحال ایسی کوئی منصوبہ بندی موجود نہیں۔



