پنجاب میں بارشوں نے گرمی کا زور توڑ دیا، مزید بارشوں کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارشوں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور شدید گرمی کی لہر میں نمایاں کمی آ گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔
لاہور میں بادل ایک بار پھر برس پڑے، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور شہریوں نے گرمی سے وقتی نجات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سرائے عالمگیر میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ وزیرآباد اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم بہتر ہو گیا۔
کامونکے، مریدکے، کھاریاں اور نواحی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ شکرگڑھ، کرتارپور، عزیز آباد، چھمال اور نورکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
دوسری جانب نارووال میں صرف آدھے گھنٹے کی بارش نے شہر کا نقشہ بدل دیا، کئی سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا۔
گوجرانوالہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ شیرانی، موسیٰ خیل، کوہلو، بارکھان، خضدار اور گردونواح میں بارش کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، قلات میں 33، زیارت میں 26، ژوب میں 35، سبی میں 47 اور تربت میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں 45، چمن میں 39، گوادر میں 34 اور جیوانی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔



