صدرآصف علی زرداری سے ازبک سفیر کی ملاقات،مختلف امور پر غور
پاکستان، ازبکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،صدرزرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ازبکستان کے سفیر برائے پاکستان الیشیر توختایف نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت سمت کو سراہتے ہوئے صدر شوکت مرزییوف کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوشی کا پیغام بھی دیا۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کو وسعت دینے کے لیے مصنوعات کی تنوع، بہتر مارکیٹ رسائی اور تجارتی سہولتوں کے نظام کو جلد فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کے درمیان روابط اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے علاقائی اقتصادی انضمام میں رابطہ کاری (Connectivity) کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے گرم پانیوں تک سب سے مختصر راستہ فراہم کرتا ہے۔ صدر نے ٹرانس-افغان ریلوے منصوبے کی جلد عملی شکل دینے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
صدر زرداری نے خطے میں امن و استحکام کو علاقائی ترقی اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
ازبک سفیر نے پرتپاک استقبال پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے علاقائی انضمام اور اقتصادی روابط کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔



