ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، بدترین لوڈشیڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا، جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے اور آئندہ کئی روز تک بجلی کی بدترین قلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے مطابق متعدد پاور پلانٹس سسٹم سے باہر ہونے اور ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال مسلسل بڑھ گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں بڑے فرق کے باعث شہروں اور دیہات میں 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ صورتحال مزید خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ریجن میں بھی بجلی کا شارٹ فال 1500 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔

لیسکو ذرائع کے مطابق شارٹ فال میں اضافے کی بڑی وجوہات میں ڈیزل، گیس اور ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں کمی شامل ہے۔ بجلی کی قلت کے باعث لیسکو ریجن میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں ملک کو آئندہ کئی روز تک شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button