ملک بھر کے 115 اضلاع میں ذیلی انسدادِ پولیو مہم شروع، 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کے منتخب 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر سے 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
پنجاب کے 13 اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ سے زائد، سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ اور خیبرپختونخوا کے 37 اضلاع میں 73 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے 2 اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا اور وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔



