سجاول: چوہڑ جمالی پولیس مقابلہ، ایک اہلکار شہید، ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) چوہڑ جمالی کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکار واجد سومرو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں واجد سومرو اور غلام مصطفیٰ چاوڑو شدید زخمی ہوئے تھے۔ دونوں اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی سجاول علینہ راجپر کے مطابق پولیس اہلکار واجد سومرو کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ایس ایس پی سجاول نے بتایا کہ وہ شہید اہلکار کی میت وصول کرنے کے لیے سول اسپتال مکلی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "شہید اہلکار واجد سومرو کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔”

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button