ماتلی میں بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کا مضر صحت گٹکا برآمد

ماتلی (رپورٹ /ایم آر گدی\جانوڈاٹ پی کے) ماتلی اور گردونواح میں مضر صحت گٹکا، چھالیہ اور مبینہ غیر قانونی اشیاء کی ترسیل سے جڑے نیٹ ورک کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی اور مربوط کارروائی کے بعد کیس سنگین رخ اختیار کر گیا ہے جس میں کروڑوں روپے مالیت کی ممنوعہ اشیاء برآمد ہونے پر متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیشی عمل کو مزید تیز کردیا گیا ہے، جیمخانہ ماتلی کے قریب رہائشی کالونی میں قائم ایک مبینہ خفیہ گودام پر سی آئی اے بدین اور مقامی پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا جس کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت گٹکا برآمد ہوا اور مختلف برانڈز کے 115 بیگز تحویل میں لیے گئے جن میں ہزاروں پیکٹس اور لاکھوں ساشے موجود تھے جبکہ مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 63 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، پولیس کے مطابق تمام برآمد شدہ سامان کو تحویل میں لے کر تھانہ ماتلی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں کی تفتیش جاری ہے جس کے مطابق یہ غیر قانونی سرگرمی صرف ایک گودام تک محدود نہیں بلکہ مختلف شہروں تک پھیلی ہوئی ہے جہاں سے مبینہ طور پر گٹکا، چھالیہ، نان کسٹم پیڈ سگریٹ اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سپلائی کی جاتی رہی ہے جبکہ اس پورے نیٹ ورک میں مختلف سطحوں پر کردار ادا کرنے والے افراد اور سہولت کاروں کی نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے، ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران بعض مشتبہ افراد کے رابطوں اور سرگرمیوں کو تکنیکی بنیادوں پر ٹریس کیا جا رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں اس کیس میں مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں سامنے آ سکتی ہیں تاہم پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی صرف ٹھوس شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہی عمل میں لائی جائے گی، دوسری جانب سماجی و شہری حلقوں نے اس بڑی کارروائی کو اہم اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس پورے نیٹ ورک کے تمام سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ علاقے میں مضر صحت اور غیر قانونی کاروبار کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button