وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دے دی۔
وزیراعظم لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت میں اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اقتصادی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔



