پٹرول پمپ مالکان کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان، آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان پٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ پٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں مارجنز میں اضافے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین سے متعلق معاملات پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال میں مکمل شرکت کریں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کے مطالبات پر مثبت اور قابلِ قبول فیصلہ کیا جائے۔

دوسری جانب ہڑتال کے معاملے پر آل پاکستان پٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن اور کراچی پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان اختلاف سامنے آ گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے پٹرول ڈیلرز نے فی الحال ہڑتال میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ایک ہفتے کی مہلت طلب کی ہے۔

اس صورتحال پر غور کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button