کرک میں دہشتگردوں سے مقابلہ،ڈی ایس پی سی ٹی ڈی سمیت4پولیس اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں2دہشتگردہلاک

کرک (جانو ڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے چرپیرا میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی۔ دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے پیش نظر آج دوپہر 12 بجے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو)، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے اہلکار بھی کارروائی میں شریک تھے۔

پولیس حکام کے مطابق چرپیرا میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، سب انسپکٹر افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد شہید ہوگئے۔

شہید سب انسپکٹر افضل اعوان تھانہ لتمبر کے ایس ایچ او تھے۔ حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے، جس میں ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران حصہ لے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button