پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت،20کروڑڈالرکاہدف مقرر
پاکستان اور مالدیپ کا دوطرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی تیاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم موڑ قرار دیا۔
پاکستان، مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس موجود مواقع کو ٹھوس عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ تجارتی حجم کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے معمول سے بڑھ کر محنت کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد مالدیپ بھیجا جائے گا، جس میں متعلقہ وفاقی وزرا اور سرکاری حکام بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست فضائی پروازیں موجود نہیں، اس لیے فضائی رابطے کا قیام انتہائی اہم ہے۔ وزارتِ ہوا بازی کو براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے فوری طور پر فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہونا چاہیے۔ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات گہری برادرانہ محبت، مشترکہ اسلامی اقدار اور مضبوط سفارتی اعتماد پر قائم ہیں۔
صدر مالدیپ نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو آئندہ دو برس میں 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد مالے اور کراچی کے درمیان فضائی رابطہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے تجارت اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی تعمیراتی اور انجینئرنگ کمپنیوں کو مالدیپ کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اسلامی مالیات اور حلال مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔



