حکمران طبقہ پٹرول پی گیا؟عالمی منڈی میں تیل سستا،پاکستان میں مہنگا،عوام بھاری لیوی ٹیکس کے بوجھ تلےدب گئے
پٹرول کی قیمت میں3روپے39پیسے اورڈیزل کی قیمت میں4روپے7پیسے فی لٹرکمی متوقع

لاہور(سپیشل رپورٹ:جانوڈاٹ پی کے)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار رہنے اور پٹرولیم لیوی میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل سستا ہونے کا فائدہ عوام تک منتقل ہونے کے بجائے اضافی ٹیکسوں اور لیویز کی نذر ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین صرف عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کی بنیاد پر نہیں ہوتا بلکہ اس میں پٹرولیم لیوی، سیلز ٹیکس، درآمدی اخراجات، ایکسچینج ریٹ، فریٹ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن سمیت کئی عوامل شامل ہوتے ہیں۔ تاہم عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا ریلیف صارفین تک مکمل طور پر نہیں پہنچتا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی میں اضافے کا مقصد ریونیو بڑھانا اور مالی اہداف حاصل کرنا ہے، تاہم اس کا براہ راست اثر عام شہری، ٹرانسپورٹرز، کسانوں اور صنعتوں پر پڑتا ہے۔ ایندھن مہنگا ہونے سے اشیائے خور و نوش، کرایوں اور روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے شکایت کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی بلند قیمتوں نے ان کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگے ایندھن کے باعث نہ صرف سفری اخراجات بڑھے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ مالی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اقتصادی حالات بہتر ہونے پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈکی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI)کروڈ آئل دونوں سستے ہو گئے ہیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت میں5.29فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت76.09ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔برینٹ کروڈ آئل بھی4.77فیصد سستا ہو گیا، جس کے بعد اس کی قیمت کم ہو کر 79.77 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث آئندہ دنوں میں تیل درآمد کرنے والے ممالک کی درآمدی لاگت میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ڈیزل کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ واپس لینے اور علی پرویز ملک کے استعفے کا مطالبہ کر دیاہے اور مطالبات نہ ماننے کی صورت میں 8 اگست سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان بھی کر دیا ۔
آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق اوگرا نے نئی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق ورکنگ اوگرا کی جانب سے مکمل کر لی گئی ہے، تاہم نئی قیمتوں کا حتمی اعلان حکومت کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہونے پر کیا جائے گا۔



