انسانی جانوں اور قومی انفراسٹرکچر کا تحفظ اولین ترجیح،فیلڈ مارشل عاصم منیر
مون سون آفات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ہروقت تیار،فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں مون سون کے دوران ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، آپریشنل تیاریوں اور مربوط ردعمل کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فیلڈ مارشل کو ادارے کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس میکنزم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران انسانی جانوں اور اہم قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے قومی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، بروقت فیصلوں اور فوری ردعمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قومی سطح پر تیاریوں کا جائزہ لینا اور مختلف اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔



