جبوتی کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 109 ہلاک، 116 لاپتا

جبوتی (جانو ڈاٹ پی کے) جبوتی کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے المناک واقعے میں کم از کم 109 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 116 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے مطابق کشتی میں تقریباً 350 افراد سوار تھے، جو جبوتی سے یمن جا رہے تھے۔ زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی جبوتی کے قصبے اوبوک کے شمال میں الٹ گئی۔
جبوتی میں آئی او ایم کے مشن چیف الیگزینڈر کوئساک نے اس سانحے کو انسانی جانوں کا انتہائی افسوسناک نقصان قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی ہمدردیاں ان افراد کے ساتھ ہیں جو اس حادثے میں زندہ بچ گئے، اپنے پیاروں کو کھو بیٹھے یا اب بھی اپنے لاپتا رشتہ داروں کی خبر کے منتظر ہیں۔



