خیبرپختونخوا کی11رکنی ایڈوائزری کونسل کاپہلا اجلاس،دہشتگردی کے خاتمے اورعوام کے تحفظ پرزور

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کو درپیش چیلنجز، امن و امان کی صورتحال، عوام کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور سیاحت کے فروغ پر توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کونسل کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور دلجمعی سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مؤثر تجاویز اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار میں اضافے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ایڈوائزری کونسل کے ارکان پر اعتماد کیا ہے، اس لیے انہیں اپنی کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد پر پورا اترنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر صوبے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایڈوائزری کونسل باہمی تعاون اور مؤثر تجاویز کے ذریعے صوبے کو درپیش مسائل کے حل اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button