خیبر پختونخوا کے12اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے قیام کا حکم، ایڈمنسٹریٹر کو وسیع اختیارات مل گئے

نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔
حکمنامے کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ، ایریا ریپریزنٹیٹو و ڈیولپمنٹ کونسل (ARDC) کی نگرانی میں کام کرے گا۔ کونسل نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی، جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے، جبکہ چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ طریقہ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔
ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا (نامزد اضلاع) کریں گے، جو ان علاقوں کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔ نامزد اضلاع میں تعینات صوبائی حکومت کے افسران اور دیگر اداروں کے اہلکار سیکریٹریٹ کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول میں کام کریں گے۔
وفاقی حکمنامے کے تحت ایڈمنسٹریٹر نامزد اضلاع میں صوبائی حکومت کے انتظامی اور قانون نافذ کرنے سے متعلق اختیارات استعمال کریں گے۔ انہیں گورننس، سکیورٹی اور ترقی کے لیے تنظیمی ڈھانچے قائم کرنے، ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی نگرانی کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
ایڈمنسٹریٹر سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات جاری کرنے کے علاوہ سیکریٹریٹ کے آپریشنل، تنظیمی اور انتظامی معاملات سے متعلق احکامات بھی جاری کر سکیں گے۔ انہیں فنڈز کی تقسیم اور منتقلی کے احکامات دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
حکمنامے کے مطابق نامزد اضلاع میں مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کے احکامات وزیراعظم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وقتاً فوقتاً جاری کر سکیں گے۔ وفاقی اداروں، مسلح افواج اور صوبائی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ان اضلاع میں عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کی تنظیمِ نو اور ضروری انتظامی اقدامات بھی کیے جا سکیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کے احکامات، نوٹیفکیشنز اور ہدایات کو وہی قانونی حیثیت حاصل ہوگی جو صوبائی حکومت کے احکامات کو حاصل ہوتی ہے۔وفاقی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ نامزد اضلاع میں آئین کے باب سوم، حصہ چہارم اور آرٹیکل 175 کی شق (3) سے متعلق مذکورہ دفعات اور خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کا اطلاق نہیں ہوگا۔ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔



