وزیرآباد میں سادہ نان 25 سے بڑھ کر 35 روپے کا ہوگیا،شہریوں کا سرکاری نرخ نامے پرعملدرآمد اور پرائس کنٹرول کا مطالبہ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) مہنگائی کے مسلسل بڑھتے ہوئے طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ آٹے، گھی، بجلی، گیس، ایندھن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیرآباد کے متعدد نان فروشوں نے بھی سادہ نان کی قیمت 25 روپے سے بڑھا کر 35 روپے وصول کرنا شروع کر دی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گندم، آٹے اور دیگر خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھا دیے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی تقریباً ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ نان فروشوں کا مؤقف ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث قیمت بڑھانا ان کی مجبوری ہے۔دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر نان کی نئی قیمتیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق نہیں تو اس کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری ریٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں انتظامیہ کو پرائس کنٹرول کے نظام کو مؤثر بناتے ہوئے ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔



