لکی مروت میں فورسز کا بڑا آپریشن، متعدد خوارج جہنم واصل، خفیہ ٹھکانے تباہ، بھاری اسلحہ برآمد

لکی مروت (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران متعدد خوارج کو جہنم واصل کر دیا اور ان کے کئی خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر لکی مروت کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں۔ اس دوران فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی پناہ گاہوں کو مکمل طور پر زمین بوس کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید تصدیق کی ہے کہ فورسز کے اس زوردار آپریشن کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے متعدد دیگر دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آپریشن کے حوالے سے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام تر کارروائیوں میں مقامی آبادی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح بنایا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور ملک دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک اپنی بلاامتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button