پاکستان میں خام تیل کی پیداوار کو بڑا جھٹکا، گیس کی پیداوار میں اچانک اضافہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ملک کے توانائی شعبے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی جبکہ گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق 23 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران پاکستان میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 67 ہزار 556 بیرل ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً ایک فیصد کم ہے۔
خام تیل کی پیداوار میں کمی نے ملک کے توانائی شعبے کی صورتحال پر ایک بار پھر توجہ مرکوز کردی ہے، تاہم اسی دوران گیس کی پیداوار میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔
اعدادوشمار کے مطابق زیر جائزہ ہفتے میں ملک کی اوسط یومیہ گیس پیداوار 3 ہزار 27 ایم ایم سی ایف ڈی رہی، جو گزشتہ ہفتے کی 2 ہزار 995 ایم ایم سی ایف ڈی پیداوار کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی پیداوار میں او جی ڈی سی ایل 32 ہزار 992 بیرل یومیہ کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ پی پی ایل کی پیداوار 12 ہزار 353 بیرل، پی او ایل کی 4 ہزار 127 بیرل اور ماڑی گیس کی خام تیل پیداوار 920 بیرل یومیہ ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب گیس کی پیداوار میں بھی مختلف کمپنیوں کا نمایاں حصہ رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی گیس پیداوار 625 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی 597 ایم ایم سی ایف ڈی، پی او ایل کی 49 ایم ایم سی ایف ڈی اور ماڑی گیس کی پیداوار 921 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔
یوں ملک میں ایک ہی ہفتے کے دوران توانائی کے دونوں بڑے ذرائع کی پیداوار میں متضاد رجحان سامنے آیا، جہاں خام تیل کی پیداوار میں کمی جبکہ گیس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق خام تیل کی مقامی پیداوار میں مسلسل اتار چڑھاؤ ملکی توانائی ضروریات، درآمدی انحصار اور توانائی کے شعبے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے، جبکہ گیس کی پیداوار میں اضافہ مقامی طلب پوری کرنے کے لیے کسی حد تک مثبت پیش رفت قرار دیا جاسکتا ہے۔



