پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس گر گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث مارکیٹ آغاز ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔

کاروبار کے ابتدائی سیشن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 69 ہزار 932 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا، جس سے مارکیٹ میں منفی رجحان نمایاں ہو گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز 100 انڈیکس 421 پوائنٹس اضافے کے بعد 1 لاکھ 71 ہزار 21 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج مارکیٹ نے منفی زون میں سفر شروع کیا۔

دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مجموعی طور پر مثبت رجحان دیکھا گیا۔ جاپان کے نکی انڈیکس میں 3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تائیوان ایس ای انڈیکس 2 فیصد تک بڑھ گیا۔

اسی طرح تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس اور انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد سے زائد تیزی دیکھی گئی، جبکہ چین اور ملائیشیا کی مارکیٹوں میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

البتہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد کمی دیکھی گئی، جو خطے کی بڑی مارکیٹوں میں نمایاں مندی سمجھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی معاشی حالات، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال مارکیٹ کی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button