حکومت اور پی ٹی آئی مولانا فضل الرحمان کو ثالث بنانے پر تیار، 5 شرائط سامنے آگئیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل میں ڈیڈلاک کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کو ثالث بنانے کی تجویز زیرِ غور ہے، تاہم جے یو آئی کے سربراہ نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے سامنے 5 شرائط رکھ دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی، جس پر جے یو آئی سربراہ نے فریقین کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے فریقین سے کہا ہے کہ وہ پہلے اس بات کا جائزہ لیں گے کہ حکومت اور اپوزیشن مسئلے کے حل کے لیے کس حد تک سنجیدہ ہیں۔ فریقین کے مؤقف اور جوابات کا جائزہ لینے کے بعد وہ ثالثی کا کردار ادا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ اگر فریقین بنیادی امور پر اتفاق کرتے ہیں تو وہ مذاکراتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کے ذریعے اب بھی مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے فریقین کو مشورہ دیا کہ ایک دوسرے کے مؤقف کو تسلیم کرنے کی صورت میں درمیانی راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر ڈیڈلاک برقرار رہا اور لانگ مارچ کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا تو صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ثالثی کے لیے گرین سگنل ملنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور جے یو آئی سربراہ کے درمیان ملاقات کا بھی امکان ہے، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button