پاک فوج نے استور سے سکردو تک 66 کلومیٹر دشوار گزار روڈ ٹریک مکمل کردیا، سفر کا دورانیہ چند گھنٹوں تک محدود

گلگت(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج نے گلگت بلتستان میں ایک اور اہم تعمیراتی منصوبہ مکمل کرتے ہوئے استور سے سکردو تک 66 کلومیٹر طویل دشوار گزار روڈ ٹریک تعمیر کر لیا۔
پاک فوج کی جانب سے شَقمہ استور سے منٹھو سکردو تک تعمیر کیے گئے روڈ ٹریک کی تکمیل سے دونوں علاقوں کے درمیان آمدورفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوگئی ہے، جبکہ طویل سفر کا دورانیہ کم ہو کر چند گھنٹوں تک محدود ہوگیا ہے۔
شَقمہ منٹھو روڈ ٹریک کی تعمیر سے گلتری کی پھوٹاکس وادی کے 8 دیہات کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سے براہ راست رابطہ بھی بحال ہوگیا ہے۔ اس رابطے کی بحالی سے مقامی آبادی کو آمدورفت اور ضروری سہولیات تک رسائی میں مزید آسانی حاصل ہوگی۔
نئے روڈ ٹریک سے استور اور سکردو کے درمیان مقامی تجارت، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق اشیا کی نقل و حمل کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے، جبکہ دونوں علاقوں کے درمیان سفر کا وقت کم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے اس تعمیراتی اقدام کو دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں عوامی فلاح و بہبود اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔



