حوثی حملے میں زخمی 6 پاکستانی ملاح وطن واپس پہنچ گئے، 2 میتیں بھی منتقل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حوثی حملے میں زخمی ہونے والے 6 پاکستانی ملاح بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے جبکہ جاں بحق 2 پاکستانیوں کی میتیں بھی پاکستان منتقل کر دی گئی ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ملاح اور دونوں میتیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو زخمیوں اور میتوں کی محفوظ، باوقار اور فوری وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

انہوں نے جدہ قونصل خانے اور ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی بروقت کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن میں پاکستانی سفارتی مشن موجود نہ ہونے کے باوجود زخمیوں اور میتوں کی وطن واپسی ممکن بنائی گئی۔

نائب وزیراعظم نے ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے کردار کو بھی سراہا اور سعودی وزارت خارجہ کے تعاون اور طبی سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان حوثی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، سمندری جہاز رانوں کی حفاظت ہر حال میں یقینی بنائی جانی چاہیے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ زخمی ملاحوں اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button