پاک افریقا تجارت میں بڑی پیشرفت، زمبابوے، ایتھوپیا اور کینیا سمیت اہم ممالک متحرک

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پہلی پاک افریقا راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں زمبابوے، ایتھوپیا، سوڈان، کینیا اور دیگر افریقی ممالک نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی زیرصدارت ہونے والی کانفرنس میں اہم افریقی ممالک کے سفرا، سفارتی نمائندگان اور کاروباری برادری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
زمبابوے کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان براہ راست روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے کہا کہ افریقی مارکیٹ پاکستانی کاروباری برادری کے لیے وسیع مواقع رکھتی ہے، جبکہ سوڈان کے نمائندے نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہنے کی یقین دہانی کرائی۔
کینیا کے سفیر نے پاکستان اور افریقی ممالک کی کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ افریقا کی ابھرتی ہوئی معیشتیں مستقبل کی عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقی خطے کے 50 سے زائد ممالک پاکستان کے لیے یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت پاکستان کی پالیسیاں بھی افریقا کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی افریقی ممالک کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متحرک ہے اور پاکستان و افریقا کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرے گی۔



