سعودی کابینہ کا اہم اجلاس، یمن کی آئینی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں یمن کی آئینی حکومت اور صدارتی قیادت کونسل کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں علاقائی صورتحال سمیت عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ یمن میں آئینی حکومت کے استحکام اور صدارتی قیادت کونسل کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کو بھی سراہا گیا۔ کمیٹی میں شامل تینوں ممالک نے سعودی شہریوں اور اقتصادی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔
کابینہ کو ہنگامی اجلاس میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں پر فوری عملدرآمد، فوجی تیاریوں میں بہتری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی کابینہ نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے باہمی رابطوں اور مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔



