قمبر شہدادکوٹ میں فائرنگ کے دو واقعات، پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی سمیت 3 افراد قتل

لاڑکانہ(احسان جونیجو\جانوڈاٹ پی کے) قمبر شہدادکوٹ کے تھانہ قبو سعید خان کی حدود میں فائرنگ کے دو الگ واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ وارداتوں میں ملوث ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ گاؤں گلاب شاہ میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ملزمان نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتولین کی شناخت 20 سالہ نغمہ اور اس کے 22 سالہ شوہر ندیم کھوسو کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین کا تعلق شکارپور سے تھا اور انہوں نے تقریباً 5 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں مبینہ خطرات کے باعث تحفظ کی غرض سے گاؤں گلاب شاہ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس رہائش پذیر تھے، جہاں انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ بھی تھانہ قبو سعید خان کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے 60 سالہ ضمیر نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ رشتہ داری کا تنازع سامنے آئی ہے۔
دونوں واقعات کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے، تاہم فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان تاحال فرار ہیں۔
پولیس نے تینوں مقتولین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہیں، جبکہ واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



