جامع مسجد سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ میں درسِ قرآن و حدیث اور ششماہی امتحانی نتائج کی تقریب، کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)جامع مسجد سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ میں درسِ قرآن و حدیث اور ششماہی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، والدین، علمائے کرام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلِ حدیث سندھ کے ناظمِ اعلیٰ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالحفیظ سموں نے کہا کہ صحیح مسلم، جامع ترمذی، مسند احمد اور حدیث کی دیگر کتب میں حدیث مبارک موجود ہے، جس میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب انسان وفات پا جاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے، سوائے تین چیزوں کے: صدقۂ جاریہ، ایسا علم جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرتی رہے انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی زندگی میں ایسے کام کرنے چاہئیں جن کا فائدہ اس کی وفات کے بعد بھی اللہ تعالیٰ کی مخلوق کو پہنچتا رہے۔ مسجد یا مدرسہ تعمیر کروانا، کنواں یا ہینڈ پمپ لگانا، مسافر خانہ قائم کرنا، درخت لگانا، مسجد اور مدرسے میں قرآن پاک فراہم کرنا، دینی کتب شائع کروانا اور لوگوں کو دینی تعلیم دینا صدقۂ جاریہ کی اہم مثالیں ہیں ڈاکٹر عبدالحفیظ سموں نے کہا کہ انسان کو ایسا علم اور علمی ورثہ چھوڑ کر جانا چاہیے جس سے اس کی وفات کے بعد بھی لوگ فائدہ حاصل کرتے رہیں۔ سلف صالحین نے متعدد کتب تحریر کیں جو صدیوں گزرنے کے باوجود آج بھی لوگوں کی دینی اور عقیدے کی اصلاح کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔ موجودہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دینی تعلیم و دعوت کو ریکارڈ کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا بھی علم کی اشاعت کا ایک اہم ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ نیک اور صالح اولاد والدین کے لیے بہت بڑا سرمایہ ہے، جو ان کی وفات کے بعد بھی ان کے لیے دعائیں کرتی رہتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور کم از کم اپنی اولاد میں سے ایک فرد کو دینی تعلیم حاصل کرنے اور دین کی خدمت کے لیے وقف کرنے کی کوشش کریں، تاکہ وہ ان کے لیے صدقۂ جاریہ کا ذریعہ بن سکے فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالحفیظ سموں نے کہا کہ جامع مسجد سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ میں 50 سے زائد طلبہ قرآن پاک کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے 99 نام یاد کرنے اور ان کے تقاضوں کے مطابق عمل کرنے کی فضیلت بیان فرمائی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی دینی تعلیم و تربیت کو سراہتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قرآن و سنت کی تعلیم سے وابستہ کریں تقریب کے دوران زیرِ تعلیم طلبہ نے تلاوتِ قرآن پاک، دینی نظم، وضو کا طریقہ، نماز کا مسنون طریقہ، مختلف مسنون دعائیں اور اللہ تبارک و تعالیٰ کے 99 نام پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر شرکاء نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی تقریب کے اختتام پر جامع مسجد سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے پیش امام و استاد مولانا ذوالفقار راہموں نے ششماہی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے نتائج کا اعلان کیا ناظرہ قرآن کے شعبے میں پہلی پوزیشن عناٰیہ بنت سرفراز سموں، یحییٰ بن عبدالحمید اور عکرمہ بن عمران نے حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن ابراہیم بن عبدالحمید اور مصباح بنت رضا محمد اور تیسری پوزیشن رحان بن عامر علی، عبدالباسط بن یوسف اور حسان بن یوسف نے حاصل کی شعبہ نورانی قاعدہ میں پہلی پوزیشن حسین، زینب عبدالرحمان اور مہارخ دوسری پوزیشن توصیف الرحمان، عمار، حسنین اور احناف، جبکہ تیسری پوزیشن اعظم، رقیب اور بدیع الدین نے حاصل کی اس کے علاوہ دو طلبہ نے ناظرہ قرآن پاک مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ تقریب کے اختتام پر امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کیے گئے، جبکہ والدین اور علمائے کرام نے بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کو سراہا

مزید خبریں

Back to top button