کوٹلی میں احتجاج کی آڑ میں امن خراب کرنے کی مبینہ سازش ناکام، 8 ملزمان گرفتار

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر پولیس کے کوٹلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شرپسند عناصر نے احتجاج کی آڑ میں شہر کا امن و امان خراب کرنے اور معمولاتِ زندگی متاثر کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کی تھی، جس کے لیے مختلف اضلاع میں اجلاس بھی کیے گئے۔

پولیس حکام نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ کوٹلی میں ہونے والے ایک اجلاس میں مبینہ طور پر شرپسند عناصر کو اسلحہ، ٹرانسپورٹ اور مقامی سہولت کار فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے 8 ملزمان کے قبضے سے پستول اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

حکام کے مطابق ان عناصر نے کالا ڈب کے مقام پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، جسے علاج کے لیے راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ کارروائی کے دوران چوکی افسر نعیم بھی زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھلوایا اور صورتحال پر قابو پالیا۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران مزید معلومات حاصل ہوئی ہیں، جن کی بنیاد پر آئندہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کے مبینہ اگلے منصوبے کا ہدف کوٹلی شہر تھا، تاہم تفتیش مکمل ہونے تک بعض حساس معلومات منظرِ عام پر نہیں لائی جاسکتیں۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر احتجاج کی آڑ میں شہریوں کی معمول کی زندگی متاثر کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button