خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 18 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کے بعد فیصلہ کن ایکشن لیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button