جوڑوں کا مسلسل درد نظرانداز نہ کریں، فوری مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں،ڈاکٹرراجہ عطاءاللہ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) معروف آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر راجہ عطاء اللہ خان نے کہا ہے کہ جوڑوں کا درد، گٹھیا اور ہڈیوں سے متعلق دیگر امراض میں مبتلا مریض بروقت مستند ڈاکٹرز سے رجوع کریں اور ڈاکٹر کی ہدایات پر مکمل عمل کریں،خود علاج، غیر معیاری ادویات کا استعمال اور غیر مستند افراد کے مشوروں پر عمل کرنے سے بیماری مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، جوڑوں کے درد کی وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں، جن میں بڑھتی عمر، گٹھیا، ہڈیوں کی کمزوری، جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی، موٹاپا اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی شامل ہیں۔ اس لیے ہر مریض کے لیے ضروری ہے کہ وہ مناسب طبی معائنہ کروا کر بیماری کی اصل وجہ معلوم کرے تاکہ بروقت اور موثر علاج ممکن ہو سکے، مریض ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں، متوازن غذا اختیار کریں، مناسب ورزش کریں، وزن کو قابو میں رکھیں اور ضرورت کے مطابق فزیوتھراپی سے بھی فائدہ اٹھائیں۔ علاج کے دوران ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرنا جلد صحت یابی اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے نہایت اہم ہے، درد کی صورت میں عارضی آرام حاصل کرنے کے لیے بار بار درد کش ادویات استعمال کرنا یا سوشل میڈیا اور غیر مستند ذرائع سے علاج اپنانا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر جوڑوں میں مسلسل درد، سوجن، اکڑاؤ یا چلنے پھرنے میں دشواری محسوس ہو تو فوری طور پر مستند معالج سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں، باقاعدہ طبی معائنہ کروائیں اور جوڑوں کے درد میں مبتلا ہونے کی صورت میں صرف مستند ڈاکٹرز سے مشورہ کریں اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق علاج مکمل کریں تاکہ بیماری پر بروقت قابو پایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button