بھارت کا آپریشن سندور میں فوجی ہلاکتوں کا سرکاری اعتراف، 6 اہلکاروں کے نام جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے پہلی بار سرکاری سطح پر آپریشن سندور کے دوران ہلاک ہونے والے چھ فوجی اہلکاروں کے نام جاری کر دیے ہیں، جنہیں نیشنل وار میموریل کے رول آف آنر میں شامل کیا گیا ہے۔

سرکاری معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کے پانچ اور بھارتی فضائیہ کا ایک اہلکار شامل ہے، جبکہ ان کے نام قومی یادگار پر بھی کندہ کیے جائیں گے۔

جاری کی گئی فہرست کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبیدار میجر پون کمار (ہیڈکوارٹر 10 انفنٹری بریگیڈ)، رائفل مین سنیل کمار (4 جموں اینڈ کشمیر لائٹ انفنٹری)، لانس نائک دنیش کمار (5 فیلڈ رجمنٹ)، ایوی ایشن ٹیکنیشن مود مرلی نائیک (851 لائٹ رجمنٹ)، حوالدار سنیل کمار سنگھ (237 فیلڈ ورکشاپ کمپنی) اور سارجنٹ سریندر کمار (39 وِنگ، بھارتی فضائیہ) شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان ہلاکتوں کے سرکاری اعتراف کو بعض حلقے آپریشن سندور میں ہونے والے فوجی نقصانات کی باضابطہ تصدیق قرار دے رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس (KMS) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پیش رفت سے پاکستان کے اس مؤقف کو تقویت ملتی ہے کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت کو نمایاں فوجی نقصان اٹھانا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تفصیلات سرکاری سطح پر عوام کے سامنے لائی گئی ہیں، جبکہ حکومت اس اقدام کو نیشنل وار میموریل کے ریکارڈ کی تکمیل اور فوجی قربانیوں کے اعتراف کا حصہ قرار دے رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button