آپریشن شعبان میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 76 ہوگئی، بلوچستان میں کارروائیاں جاری

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان فتنہ الخوارج کے خلاف جاری ہے، جس میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 114 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن شعبان میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں مزید 5 خوارجیوں کی ہلاکت پر فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ وطن عزیز سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے عناصر عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ بلوچستان کی دھرتی پر خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button