لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پی پی ایچ آئی میں انضمام کے فیصلے کے خلاف احتجاج، فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹو (پی پی ایچ آئی) میں ضم کرنے کی تجویز کے خلاف نیشنل پریس کلب سجاول کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت ضلعی صدر کنیز بتول خواجہ، نائب صدر فاطمہ سوہو، جنرل سیکریٹری خیر النساء شورائی، سرہیہ خواجہ، ماروی، سلمہ بھان اور رضیہ سموں نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو محکمہ صحت سے پی پی ایچ آئی میں ضم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کئی برسوں سے بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا جس سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا سروس اسٹرکچر اور روزگار غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور بلاول ہاؤس کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button