ملک میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے علاوہ 45 لاکھ سے زائد افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، جبکہ گزشتہ برس اسی مدت کے دوران ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد 52 لاکھ سے زیادہ تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مدت کے دوران 22 لاکھ سے زائد تنخواہ دار افراد نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے۔ دوسری جانب چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکس سکیم کے تحت اب تک 1,473 تاجروں نے گوشوارے جمع کرائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سکیم کے تحت 137 نئے تاجروں جبکہ 1,336 پہلے سے کاروبار کرنے والے تاجروں نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے۔ اس کے علاوہ 2,875 دکانداروں نے ٹیکس سکیم میں رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافے کو ٹیکس نیٹ میں وسعت کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مجموعی ٹیکس وصولیوں اور رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button