یورپ کا خواب 335 پاکستانیوں کی جان لے گیا، ایف آئی اے دستاویزات میں ہولناک حقیقت بے نقاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) یورپی ممالک جانے کی غیر قانونی کوششوں کے دوران پیش آنے والے کشتی حادثات میں اب تک 335 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ایف آئی اے دستاویزات کے مطابق جون 2023 سے اب تک 7 بڑے مہلک کشتی حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اتنے بڑے جانی نقصان کے باوجود غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس لوگوں کو خطرناک سفر پر آمادہ کر رہے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق جون 2023 میں یونان جاتے ہوئے کشتی حادثے میں 226 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 207 جاں بحق جبکہ 19 افراد زندہ بچ گئے۔ دسمبر 2024 میں یونان کے قریب ایک اور کشتی حادثے میں 69 پاکستانی سوار تھے، جن میں 25 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 44 کو بچا لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں مراکش کے قریب پیش آنے والے حادثے میں 70 پاکستانی سوار تھے، جبکہ فروری 2025 میں لیبیا میں کشتی حادثے کے دوران 40 پاکستانیوں کی شناخت ہوئی، جن میں 23 جاں بحق اور 13 زندہ بچ گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق 2025 اور 2026 کے دوران لیبیا سے غیر قانونی راستے کے ذریعے یورپ جانے کی کوششوں میں کشتی ڈوبنے کے مزید 4 بڑے حادثات رپورٹ ہوئے۔ فروری، اپریل اور اکتوبر 2025 جبکہ اپریل 2026 میں پیش آنے والے ان واقعات میں 102 پاکستانی متاثر ہوئے، جن میں 71 جاں بحق جبکہ 30 افراد کو بچایا گیا۔

ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلسل حادثات کے باوجود غیر قانونی ہجرت کا رجحان برقرار ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر لوگوں کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایسے سفر پر روانہ کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button