کمزور پاسپورٹ کے باوجود پاکستانی اب بھی کن 30 ممالک میں با آسانی جاسکتے ہیں؟

اسلام آباد(ویب ڈیسک) عالمی سطح پر محدود پاسپورٹ رینکنگ کے باوجود پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے 30 ممالک تک بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ذریعے سفر ممکن ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی جولائی 2026 کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری 30 ممالک میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 100ویں نمبر پر برقرار ہے، جبکہ 2025 میں پاکستان 103ویں نمبر پر تھا۔ رواں سال کے دوران پاسپورٹ رینکنگ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
ہینلے رپورٹ کے مطابق پاسپورٹ رینکنگ میں تبدیلیاں ممالک کی ویزا پالیسیوں، سفری معاہدوں اور عالمی قوانین میں تبدیلیوں کے باعث ہوتی رہتی ہیں۔
عالمی سطح پر سنگاپور کا پاسپورٹ بدستور پہلے نمبر پر ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک تک رسائی رکھتے ہیں، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا آسان سفری سہولت رکھنے والے ممالک میں مالدیپ، نیپال، سری لنکا، کینیا، روانڈا، سیشلز، بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، وانواتو اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ویزا فری سہولت رکھنے والے ممالک میں بارباڈوس، کُک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیرات، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔
ویزہ آن ارائیول کی سہولت دینے والے ممالک میں برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے، کومورو آئی لینڈز، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، نیو، پلاؤ، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو شامل ہیں۔
جبکہ الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے سفر کے لیے کینیا، سیشلز اور سری لنکا دستیاب آپشنز میں شامل ہیں۔



