سندھ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کا نیا مرکز بننے جا رہا ہے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی مؤثر پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کے باعث صوبہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا گیٹ وے بنتا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں جاری اور مجوزہ میگا منصوبے جدید انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھیں گے، جن سے روزگار، صنعت، تجارت اور عوامی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طرز حکمرانی، جدید پالیسیوں، ون ونڈو سہولت اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ایس تھری سیوریج منصوبہ، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، ایس باس اور جدید اسمارٹ سرویلنس سسٹم جیسے منصوبے صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کے جامع ترقیاتی پیکیج پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت سڑکوں، پلوں، پانی کی فراہمی، سیوریج، برساتی پانی کی نکاسی اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

شرجیل میمن کے مطابق مجوزہ میڈیکل سٹی منصوبہ سندھ کو صحت کے شعبے میں جدید مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوگی، جہاں عالمی معیار کی طبی سہولیات، تحقیق اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے صنعتی زونز اور سرمایہ کاری کلسٹرز کے قیام سے مقامی صنعت کو فروغ، نئی سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ عوامی و نجی شراکت داری کے تحت 109 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے، سندھ ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے اور آنے والے برسوں میں ملکی اقتصادی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button