اوکاڑہ پولیس کی تفتیشی افسران کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ

اوکاڑہ: (رپورٹ: وحید آرائیں / جانوڈاٹ پی کے) ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایت پر چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، تفتیشی خامیوں کی نشاندہی، سزا نہ ہونے کی وجوہات اور ان کے تدارک کے لیے تین روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کمیونٹی لائژن ہال میں کیا گیا۔

ورکشاپ کا مقصد تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تفتیش کے معیار کو بہتر بنانا اور عدالتوں میں ملزمان کی زیادہ سے زیادہ سزا یابی کو یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر محمد شہزاد نے شرکاء کو چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مضبوط شواہد اکٹھے کرنے، قانونی تقاضوں کو پورا کرنے، مؤثر تفتیش، معیاری چالان کی تیاری اور عدالت میں مقدمات کی کامیاب پیروی سے متعلق تفصیلی لیکچر دیا۔

بعد ازاں ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ نے تفتیشی افسران سے خطاب کرتے ہوئے تفتیشی نقائص، قانونی پیچیدگیوں، سزا نہ ہونے کی عمومی وجوہات اور ان کے مؤثر حل پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تفتیش، مضبوط شواہد اور پراسیکیوشن کے ساتھ مؤثر رابطہ ہی ملزمان کی سزا یابی کو یقینی بنا سکتا ہے۔

ورکشاپ میں ضلع بھر کے تفتیشی افسران نے شرکت کی، جہاں عملی کیس اسٹڈیز، قانونی نکات اور جدید تفتیشی طریقہ کار پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button