عوامی خدمت اولین ترجیح، گڈ گورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک

اوکاڑہ: (رپورٹ: وحید آرائیں/جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ عوامی خدمت انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور عوامی ریلیف کے لیے گڈ گورننس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں موجود رہیں اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور تیز بنایا جائے، جبکہ تمام افسران محنت، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو فوری اور بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچوں کا دورہ کیا اور پبلک سروس ڈلیوری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور برانچ انچارجز کو سائلین کی فوری داد رسی، مسائل کے بروقت حل اور بہترین عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل بھی سنے اور ان کی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔



