تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے اوکاڑہ پولیس کا محبت بھرا تحفہ، 200 بلڈ بیگز عطیہ

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے): جشنِ آزادی کی خوشیوں میں اوکاڑہ پولیس نے تھیلیسیمیا کے معصوم بچوں کو بھی شریک کرلیا، پولیس تحفظ مرکز کی جانب سے تقریباً 200 بلڈ بیگز کا عطیہ پیش کیا گیا۔

یہ فلاحی اقدام ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، جس کا مقصد تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو بروقت خون کی فراہمی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

اوکاڑہ میں تقریباً 172 تھیلیسیمیا کے بچے ایسے ہیں جنہیں ہر 15 سے 20 دن بعد خون کی ضرورت پیش آتی ہے۔ ایسے میں تقریباً 200 بلڈ بیگز کا انتظام ان بچوں کے لیے محض ایک تحفہ نہیں بلکہ ان کے بروقت علاج اور زندگی کی امید کو مضبوط کرنے کی عملی کوشش ہے۔

اوکاڑہ پولیس تحفظ مرکز کی جانب سے یہ بلڈ بیگز جگنو ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے تھیلیسیمیا کے بچوں تک پہنچائے جائیں گے، تاکہ انہیں ضرورت کے وقت خون کی فراہمی میں سہولت مل سکے اور والدین کو بھی خون کے انتظام کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اوکاڑہ پولیس کے اس فلاحی اقدام کو شہریوں کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی صرف خوشیاں منانے کا نام نہیں بلکہ اپنی خوشیوں میں ضرورت مند اور مستحق افراد کو شریک کرنا بھی قومی جذبے کا حصہ ہے۔

اس موقع پر اوکاڑہ پولیس نے معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی تھیلیسیمیا کے بچوں کی مدد اور خون کے عطیات دینے کی ترغیب دی، تاکہ ان معصوم بچوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button