ڈی سی احمد عثمان،ایم پی اے چودھری غلام رضاکامحرم الحرام انتظامات کیلئے بنگلہ گوگیرہ،فتح پورکی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کادورہ

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرا کا محرم الحرام انتظامات کے لیے بنگلہ گوگیرہ اور فتح پور کی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ، اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور جلوسوں کا مجالس کے منتظمین بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں میں عزاداروں کے لیے بہترین انتظامات کی ہدایات دیں، جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، بجلی کی تاروں کے بندوبست سمیت تمام تر اقدامات کے مکمل رکھنے کے بھی احکامات دیے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات پر ستھرا پنجاب کے ورکرز کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں مذہبی عقیدت و احترام کو فروغ دیا جائے۔ امن عامہ کے سلسلہ میں تمام محکمے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ محرم الحرام کے موقع پر باہمی یگانگت اور رواداری کو فروغ دیا جائے۔ ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محرم الحرام پر مثالی اقدامات کی خواہاں ہیں اور حکومت پنجاب محرم الحرام پر عزاداروں کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کریں۔

مزید خبریں

Back to top button