نیویارک شپ یارڈ میں خوفناک دھماکا، ایک ہلاک، 36 افراد زخمی

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی شہر نیویارک سٹی کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں واقع شپ یارڈ میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 36 افراد زخمی ہوگئے۔
CNN کی رپورٹ کے مطابق شپنگ ڈاکس کے تہہ خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف تھا کہ اسی دوران شدید دھماکا ہوگیا۔
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ اور تیزی سے بدلتی ہوئی ہنگامی صورتحال تھی۔
فائر کمشنر للین بونسگنور کے مطابق دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے فائر ڈیپارٹمنٹ کو متعدد کالز موصول ہوئیں جن میں بتایا گیا کہ شپ یارڈ کے پچھلے حصے میں موجود 150 فٹ ضرب 150 فٹ کے دھاتی ڈھانچے کے تہہ خانے سے دھواں اٹھ رہا ہے اور دو کارکن اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی ٹیمیں صرف چھ منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم ان کی آمد کے فوراً بعد دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے کئی اہلکار اور شہری شدید زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔



